زلمی کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ


شارجہ: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) میں آج کراچی کنگز، پشاور زلمی کے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدمقابل ہوں گی۔

جمعرات کو پی ایس ایل کے 27ویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پوائنٹس ٹیبل کی تیسرے اور پانچویں نمبر کی ٹیموں کا سامنا شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔

کراچی کنگز کےکپتان عماد وسیم انجری کے باعث نہیں کھیل رہے۔ ان کی جگہ انگلش بلے باز این مورگن ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ میں اب تک آٹھ میچ کھیلنے والی پشاور کی ٹیم صرف چھ پوائنٹس حاصل کر سکی ہے، اسے پانچ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن ٹیم کے دو میچ باقی ہیں۔

ٹورنامنٹ کے اگلے یعنی پلے آف مرحلے میں جانے کے لئے پشاور کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں، ٹیم کو اپنے دونوں میچز لازما جیتنے ہوں گے۔

دوسری جانب کراچی کنگز کے لیے بھی آج کا میچ کم اہم نہیں۔ پشاور سے شکست کی صورت میں کنگز کو پلے آف مرحلے کے لیے اپنا آئندہ میچ لازما جیتنا ہو گا۔ البتہ آج کے مقابلے میں کامیابی حاصل کر کے کراچی کی ٹیم خود کو نسبتا محفوظ پوزیشن پر لا سکتی ہے۔

کنگز اپنا دسواں میچ اسلام آباد یونائیٹد کے خلاف 16 مارچ کو کھیلے گی۔

پوائنٹس ٹیبل پر پہلے اور دوسرے نمبر پرموجود اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

پشاور زلمی

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی قیادت کر رہے ہیں۔

زلمی اسکواڈ میں کامران اکمل (وکٹ کیپر)، محمد حفیظ، تمیم اقبال، حارث سہیل، ڈیوائن براوو، محمد اصغر، حسن علی، کرس جورڈن، وہاب ریاض، سعد نسیم، حماد اعظم، اینڈرے فلیچر، محمد عارف، خوش دل شاہ، شبیر رحمان، عمید آصف، ریکی ویسل، خالد عثمان، ابتسام شیخ، ثمین گل اور تیمور سلطان شامل ہیں۔

کراچی کنگز 

عماد وسیم کراچی کنگز کی کپتانی کر رہے ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں آئن مورگن، لنڈل سائمنز، بابر اعظم، خرم منظور، کولن انگرام، جو ڈینلے، شاہد آفریدی، روی بوپارا، حسن محسن، ڈیوڈ ویز، محمد طحہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سیف اللہ بنگش (وکٹ کیپر)، محمد عامر، اسامہ میر، عثمان خان، محمد عرفان، تابش خان اور تیمل ملز شامل ہیں۔

پی ایس ایل کے گزشتہ سیزنز میں پشاور زلمی کا حصہ رہنے والے بوم بوم آفریدی اس مرتبہ کراچی کنگز کی نمائندگی کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں