پنجاب: پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے اپنی ہی حکومت پر تحفظات


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اراکین پنجاب اسمبلی نے بھی حکومتی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو بیوروکریسی اور محکموں پر کنٹرول بڑھانے کا مشورہ اور اپنے لیے فنڈز کا بھی مطالبہ کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اراکین اسمبلی کو فنڈز جاری نہ کئے گئے تو بلدیاتی انتخابات میں بری طرح پٹ جائیں گے۔

اراکین اسمبلی نے سیاسی بنیادوں پر اراکین اسمبلی سے مشاورت کے ساتھ بھرتیوں کا عمل فوری شروع کرنے کا بھی مشورہ دے دیا۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ پی ٹی آئی سے منسلک افراد کو ہنگامی بنیادوں پر سیاسی عہدے پر فائز کیا جائے۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ سیکریٹریز وزراء کی نہیں سنتے تو اراکین اسمبلی کی کیا سنیں گے؟ بیوروکریسی کو اراکین اسمبلی کے ساتھ تعاون کرنے کا پابند بنایا جائے۔

اراکین صوبائی اسمبلی نے عثمان بزدار کو سیکرٹریز کے ساتھ سخت رویہ اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا فوری حل یقینی بنایا جائے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے تمام اراکین اسمبلی کو مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کروانے کی یقین دہانی کرادی۔


متعلقہ خبریں