ایشیاء پیسیفک سمٹ: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی ہندوستانی وفد سے جھڑپ


اسلام آباد: بین الاقوامی فورم ایشیاء پیسیفک سمٹ میں بھارت کو ایک بار پھر ذلت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا اور سیکیورٹی عملے نے بھارتی پارلیمنٹیرین کو دھکے دیکر ہال سے باہر نکال دیا۔

کمبوڈیا کے دارالحکومت فونم پن میں ہونے والی ایشیاء پیسیفک سمٹ 2019 کے اجلاس کے دوران  ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی کشمیر میں بھارتی مظالم پر تقریر کے دوران ہندوستانی وفد سے جھڑپ ہوئی۔

اجلاس کے دوران بھارتی پارلیمنٹیرین وجے جولی نے ان کی تقریر روکنے کی کوشش کی اور شور شرابہ شروع کر دیا جس پر وجے جولی کو سیکیورٹی کے عملے نے ہال سے باھر نکال دیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اس دوران اپنی تقریر جاری رکھی اور اسے مکمل کیا۔

یاد رہے کہ غاصب بھارتی انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین لاک ڈاؤن اور کرفیو کا آج 107 واں روز ہے اور کشمیری عالمی برادری کی بے حسی پر نوحہ کناں ہیں۔

پوری وادی میں لوگ  بدستور گھروں میں محصور ہیں اور انہیں اشیاء خوردونوش اور ادویات کی شدید  قلت کا سامنا ہے۔ سرینگر سمیت دوسرے چھوٹے بڑے شہروں میں تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔


متعلقہ خبریں