سیاچن: برفانی تودہ گرنے سے 4بھارتی فوجیوں سمیت چھ افراد ہلاک

سیاچن: برفانی تودہ گرنے سے 4بھارتی فوجیوں سمیت چھ افراد ہلاک

فائل فوٹو


دہلی: سیاچن میں برفانی تودہ گرنے سے چار بھارتی فوجی سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق 19 ہزار فٹ کی بلندی پر شمالی گلیشئر کے قریب 8 بھارتی فوجیوں پر مشتمل دستہ موجود تھا جس میں 6 سپاہی اور 2 پورٹر شامل تھے۔

بھارتی فوج نے فوری طور پر ہیلی کاپٹر کی مدد سے امدادی آپریشن شروع کیا اور تمام افراد کو نکال کر نزدیکی اسپتال منتقل کیا جن میں سات کی حالت نازک تھی۔

فوج کے ترجمان کرنل راجیش کلیتا نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اسپتال منتقل کرنے کے بعد چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں تاہم ان کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی گئی۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق زندہ بچ جانے والے دو فوجیوں کو ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ 2016 میں بھارتی فوجی چھاونی پر برفانی تودہ گرنے سے10 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

سیاچن کو دنیا کا بلند ترین جنگی میدان بھی کہا جاتا ہے جہاں پاکستان اور بھارت کی فوجیں تعینات رہتی ہیں۔ سردیوں میں یہاں کا درجہ حرارت منفی60 تک گر جاتا ہے اور برفانی تودے گرنے کے واقعات اکثر پیش آتے ہیں۔


متعلقہ خبریں