وزیراعظم آئندہ ماہ تین ممالک کا دورہ کریں گے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا آئندہ ماہ کے دوران تین ممالک کا دورہ متوقع ہے۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق عمران خان 15 دسمبر سے 21 دسمبر تک تین بین الاقوامی دورے کریں گے جن میں بحرین، سوئٹزرلینڈ اور ملائشیا کے دورے شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم 15 دسمبر کو دو روزہ دورے پر بحرین جائیں گے جب کہ سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں پناہ گزینوں کے متعلق ہونے والی عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے 17 دسمبر کو سوئٹرز لینڈ روانہ ہوں گے۔

سوئٹزرلینڈ میں وزیراعظم دو دن قیام کریں گے۔

19 دسمبر کو وزیراعظم اپنے اگلے پڑاؤ پر تین روز کے لیے ملائشیا روانہ ہوں گے۔

عمران خان 21 دسمبر کو وطن واپس پہنچیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم عمران خان نے پڑوسی ملک ایران کا دورہ بھی کیا تھا۔

وزیر اعظم ایران سے خصوصی طیارے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی ذوالفی بخاری کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے تھے۔

دورہ ایران میں وہاں کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران اور سعودی عرب میں جنگ نہیں چاہتا، میرے دورے کا اہم مقصد ہے کہ خطےمیں ایک اورتنازع جنم نہ لے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے جب کہ سعودی عرب نے ہرضرورت پر ہماری مدد کی ہے، دونوں ممالک میں جنگ کی صورت میں خطے میں غربت پھیلے گی۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ صدرحسن روحانی سے  رواں سال میں میری یہ  تیسری ملاقات ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کیلیے ایران کی حمایت پرشکر گزارہیں۔ 1965 کی جنگ میں ایران کا ساتھ دینا آج تک یاد ہے۔

انہ کا کہنا تھا کہ صدر حسن روحانی  سے ملاقات کے دوران باہمی تعلقات، تجارت اورایک دوسرے سے تعاون کے طریقہ کار پر بات کی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان ثالث نہیں سہولت کار کا کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران میں مسائل حل کرنے کا اقدام پاکستان کا اپنا ہے، کسی کے کہنے پر دونوں ممالک میں ثالثی کا اقدام نہیں اٹھایا۔


متعلقہ خبریں