کامران اکمل کی جارحانہ بیٹنگ، کنگز کو جیت کے لیے بڑا ہدف درکار


شارجہ: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) کے 27ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 182 رنز کا ہدف دیا ہے۔

زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں  چھ وکٹوں کے نقصان پر181 رنز بنائے۔

میچ کے آغاز میں زلمی کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

زلمی اوپنرز کامران اکمل اور محمد حفیظ میدان میں آئے تو پہلی وکٹ کے لیے صرف تین رنز کی پارٹنرشپ قائم کر سکے۔

محمد حفیظ بغیر کھاتہ کھولے عثمان خان شنواری کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

کامران اکمل نے دوسرے آنے والے بلے باز ڈیوائن اسمتھ کے ساتھ مل کر کھیل آگے بڑھایا۔ دونوں نے مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 43 رنز جوڑے۔

ڈیوائن اسمتھ آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے۔ اسمتھ 16 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اوپنر کامران اکمل نے اس دوران 38 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے شاندار نصف سنچری مکمل کی۔

 

چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رکی ویسلز تھے۔ ویسلز گیارہ رنز بنا کر روی بوپارا کی گیند کا شکار بنے۔

زلمی کو پانچواں جھٹکا 118 کے مجموعی اسکور پر لگا۔ کامران اکمل 75 رنز بنا کر عثمان خان شنواری کی گیند پر روی بوپارا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پشاور کی جانب سے کامران اکمل 75 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ اوپنر بلے باز نے چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی اننگ مکمل کی۔

32 رنز کے انفرادی اسکور پرکامران اکمل کا کیچ کولن انگرام نے ڈراپ کیا۔

کامران اکمل آؤٹ ہوئے تو سعد نسیم نے کپتان ڈیرن سیمی کے ساتھ مل کو جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 160 تک پہنچایا۔

سعد نسیم 35 رنز بنا کر عثمان خان شنواری کا تیسرا شکار بنے۔

پشاور کی جانب سے ڈیرن سیمی نے 36 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ کپتان نے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے اپنی اننگ مکمل کی۔

آخری اوور کی آخری گیند پر لیام ڈاؤسن دو رنز کے انفرادی اسکور پر محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

کراچی کی جانب سے عثمان خان شنواری نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے چار اوورز کرا کر گیارہ رنز دیے۔

 


متعلقہ خبریں