برطانوی سفیروں کو جلد بے دخل کریں گے، روس


ماسکو: روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ ماسکو جلد برطانوی سفارت کاروں کو بےدخل کردے گا۔ ان کا یہ ردعمل برطانیہ کی جانب سے 23 روسی سفیروں کو نکالے جانے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سفیروں کی بے دخلی کا عمل لازمی ہوگا۔

انہوں نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں۔ سفیروں کی بے دخلی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ” میرا وعدہ ہے کہ یہ جلد ہوگا۔”

سرگئی نے بر طانیہ کی جانب سے روس کے خلاف عائد الزامات کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ واقعہ پر دیا گیا ردعمل حکومت کو بریگزٹ کے معاملے پر درپیش مشکلات کا نتیجہ ہے۔
برطانیہ کی جانب سےروس پر سابق روسی انٹیلی جنس افسر 66 سالہ سرگئی (ڈبل ایجنٹ) اور ان کی 33 سالہ بیٹی یولیا کو زہر دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ جسے ماسکو نے مسترد کردیا تھا۔

سرگئی لاروف نے کہا تھا کہ اگر لندن ثبوت فراہم کرے تو پوری طرح سے تعاون کیا جائے گا لیکن برطانیہ کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن منگل کو ختم ہوگئی اور روس کی جانب سے اس پر کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔ جس کے بعد برطانیہ نے  23 روسی سفارت کاروں کو ملک سے نکالنے کا اعلان کر دیا تھا۔

سابق جاسوس اور اس کی بیٹی کو زہر دیے جانے کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔


متعلقہ خبریں