ہولی فیملی اسپتال کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے سینئر صحافی کی لاش برآمد


راولپنڈی: نیو ٹاؤن تھانہ کی حدود میں واقع ہولی فیملی اسپتال کی پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے سینئر صحافی کی لاش برآمد  ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی لاش کی شناخت شفاعت شیخ کے نام سے ہوئی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ مذکورہ صحافی کی بیٹی ہولی فیملی میں داخل تھی اور وہ پارکنگ ایریا  میں کھڑی اپنی گاڑی سے مختلف اخبارات کو جرائم سے متعلق خبریں اپنے لیپ ٹاپ پر بنا کر بھیجتا تھا۔

ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ صحافی بیٹی کی علالت کی وجہ سے پریشان تھے۔ ذرائع کے مطابق گھریلو مسائل کی وجہ سے وہ کثرت شراب نوشی میں بھی مبتلا ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی پولیس کو لڑکیوں سے زیادتی اور ویڈیو بنانےکے کیس میں بڑی کامیابی مل گئی

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتول کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں اور لاش 2  سے 3 دن پرانی ہے۔ پولیس کے مطابق اسپتال کے مرکزی دروازے پر تعینات سیکورٹی گارڈ سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔ اسپتال میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد بھی حاصل کی جارہی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ورثا کی جانب سے پوسٹ مارٹم سے انکار کے بعد پولیس نے لاش ان کے حوالے کردی ہے۔


متعلقہ خبریں