مولانا کو پلان ’ایگزٹ‘ کا سہارا لینا پڑا، فردوس عاشق اعوان

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ جس طرح خالی ہاتھ اسلام آباد آئے تھے، ویسے ہی خالی ہاتھ لوٹ گئے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ آپ کی سیاسی جڑیں عوام نے کاٹیں لیکن آپ جمہوریت سے بدلہ لینے پر تل گئے تاہم قوم نے دیکھ لیا کہ کون اسلام آباد سے چلتا بنا اور ہل کر باہر جا گرا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام نے آپ کو مسترد کرکے ثابت کیا کہ وہ انتہا پسندی کے ساتھ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام نے آپ کے سارے پلان چوپٹ کر دیئے اور آپ کو پلان ’ایگزٹ‘ کا سہارا لینا پڑا، روڈز بلاک پلان بھی عوام نے مسترد کردیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مولانا جمہوریت کے راستے میں انا کی رکاوٹیں کھڑی کرکے اپنا سیاسی مستقبل خراب نہ کریں، حلقے میں جائیں، سیاسی طور پر ہلکے نہ ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا لشکر کشی اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں میں ناکامی کے بعد اپنی خفت مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز پارٹی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ آزادی مارچ کے ’پلان بی‘ کے تحت ملک بھر میں جاری مظاہرے ختم کیے جانے کا امکان ہے۔

ان کے مطابق ملک بھر میں جاری مظاہروں سے عوام کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مظاہرے ختم ہونے کہ بعد بھی حکومت پر دباؤ برقرار رکھنے کیلئے آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں