پی ٹی آئی کیخلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس روزانہ کی بنیاد پر سننے کا مطالبہ

کیس کا فیصلہ آنے پر پوری تحریک انصاف ختم ہوجائے گی، اکرم درانی

  • ’پی ٹی آئی کو اسرائیل اور انڈیا سے فنڈنگ ہوئی‘

اسلام آباد: حزب اختلاف کی رہبر کمیٹی نے الیکشن کمیشن سے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس روزانہ کی بنیاد پر سننے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں آج رہبر کمیٹی کے اراکین بشمول احسن اقبال، نیئر بخاری، اکرم درانی، اویس نورانی اور دیگر پارلیمنٹ ہاؤس سے پیدل چل کر الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچے۔

احتجاج میں ان کے ساتھ عثمان کاکڑ، فرحت اللہ بابر، سینیٹر طاہر بزنجو، میاں افتخار بھی شریک تھے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں اکرم درانی کا کہنا تھا کہ پانچ سال ہوگئے تحریک انصاف کےخلاف تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں، ریاست مدینہ کے نام لیوا تحقیقات سے بھاگ رہے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم درانی نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کو اسرائیل انڈیا سے فنڈنگ ہوئی لہٰذا الیکشن کمیشن روزانہ کی بنیاد پر تحقیقات کرے۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس کا فیصلہ آنے پر پوری تحریک انصاف ختم ہوجائے گی، تاخیر ملک قوم کےلئے نقصان دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس کیس سے چھپ رہے ہیں کیوں کہ فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کا گند صاف ہوجائے گا۔

اکرم درانی نے کہا کہ اس کیس کو روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے، ہمیں تو نیب والے ہر روز بلاتے ہیں یہاں التوا کیوں؟ ہم ایک یادداشت بھی الیکشن کمیشن کو دے رہے ہیں، ریبر کمیٹی میں شامل نو سیاسی جماعتیں اس کیس کا جلد فیصلہ چاہتے ہیں۔

اس موقع پر مسلم لیگ نواز کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ کرپشن کی تاریخ کا یہ میگا اسکینڈل ہے جبکہ پانچ سال سے عمران خان اور ساتھی تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کو انڈیا اور یورپ سے فندنگ کی گئی، پاکستان دشمن فندنگ بھی ملتی رہی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی محنت کررہی ہے کہ مقدمے کی کارروائی غیر موثر ہوجائے اور اسی لیے الیکشن کمیشن کے دو ارکان کوتعینات کیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ چیف الیکشن کمشنر عہدے سے ریٹائر ہورہے ہیں، ہماری ان سے درخواست ہے کہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔


متعلقہ خبریں