یوسف بیگ مرزا عہدے سے مستعفی

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا یوسف بیگ مرزا عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ یوسف بیگ مرزا نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا ہے۔

یوسف بیگ مرزا عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

معروف صحافی ثمر عباس نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ اب یہ عہدہ سابق ترجمان حکومت پنجاب شہباز گل کو دیا جائے گا۔

گزشتہ سال دسمبر میں یوسف بیگ مرزا اس عہدے پر تعینات کیے گئے تھے۔ ماضی میں وہ پاکستان ٹیلی ویژن میں بطور ایم ڈی تین مرتبہ خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

سرکاری ٹیلی ویژن کے علاوہ وہ کئی نجی ٹی وی چینلز کے اہم عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا اور اثر حاضر سے ہمکنار کیا۔

شہباز گل نے بطور ترجمان پنجاب حکومت عہدے سے ستمبر میں استعفیٰ دیا تھا تاہم اس کے بعد خبریں گردش کررہی تھیں کہ انہیں وفاق میں اہم عہدہ دیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ شہباز گل نے استعفٰی اختلافات کے بعد دیا، ان کی ایک پریس کانفرنس نے پارٹی حلقوں میں تشویش پیدا کی تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حوالے سے بات کرنے پر شہباز گل کے بارے میں ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔

 

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز