عثمان بزدار کو پنجاب اسمبلی اور وزیر اعظم کا اعتماد حاصل ہے، گورنر پنجاب


لاہور: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار بہت محنت کر رہے ہیں اور ان کو صوبائی اسمبلی اور وزیراعظم کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔ 

گورنر ہاؤس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا کے دباؤ سے کسی کو بنایا یا ہٹایا نہیں جائے گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ عمران خان نے بائیس تیئس سال کی محنت اور سیاسی جدوجہد کے  بعد پاکستان تحریک انصاف بنائی ہے، پارٹی کے لوگ ہی لیڈر بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الہی اورچودھری شجاعت حسین کا احترام کرتا ہوں اور وہ ہمارے اتحادی ہیں۔  ملک کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے جنہیں مل کر حل کرنا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ نواز شریف کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ وہ باہر علاج کے لیے چلے گئے ہیں امید ہے واپس آ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں ڈاکٹر ہوں اور نہ ہی نواز شریف کی رپورٹس دیکھی ہیں۔ میڈیکل بورڈ کی تجاویز پر اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی حکومت نے نوازشریف کو بیرون ملک علاج کی اجازت دی ہے۔

چودھری سرور کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری آگر بیماری ہیں تو میں وفاقی حکومت سے ان کے بیرون ملک علاج کے لیے کہوں گا۔ قانون سب کے لیے برابر ہے، وقت آنے پر اس معاملے کو دیکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے اپنی ہی حکومت پر تحفظات

گورنر پنجاب نے کہا کہ احتساب سب کے لیے برابر ہونا چائیے، اگر کوئی غلط کام کرتا ہے تو اس کا احتساب ہونا چاہیے، خواہ وہ  گورنر ہوں یا وزیراعلیٰ۔ چئیرمین نیب نے کہا ہے کہا کہ احتساب حکومت کے لوگوں کا بھی ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہوگا۔ ہمیں بھی اداروں پر تحفظات ہوتے ہیں لیکن محتاط طریقے سے ان کا اظہار کرتے ہیں۔

چوہدری محمد سرور نے کہا  کہ عمران خان  نے واضح کر دیا ہے کہ  بدعنوانی  کے معاملے پر کسی سے سودے بازی نہیں کریں گے، اداروں کو احتساب کے لئے مضبوط  بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا  کی طرف کاروبار کی نظر سے نہیں دیکھیں گے تو گورنر ہاؤس کا خرچہ کیسے پورا کریں گے۔ گورنر ہاؤس کی آمدن بڑھانے کے لیے بزنس پلان اور بہترین پیکج دیں گے۔


متعلقہ خبریں