ایمرجنگ ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی


ڈھاکہ: پاکستان نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے کر ایشین کرکٹ کونسل کے ایمرجنگ ٹیم ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

پاکستان کی نوجوان ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

پاکستان کے سلامی بلے بازوں نے ٹیم کو 90 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ حیدر علی 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز عمیر یوسف تھے جنہوں نے 66 رنز بنائے۔ پاکستانی مڈل آرڈر اوپنگ بیٹسمینوں کے آغاز کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرتی رہیں۔

سیف بدر (47) اور عمران رفیق (28) کی برق رفتار اننگز کی بدولت پاکستانی ٹیم قابل احترام مجموعے تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔

بھارت کی جانب سے شوم ماوی، دوبے اور شوکین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دیسائی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 268 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں بھارت کی جانب سے اننگز کا جارحانہ انداز میں آغاز کیا گیا تاہم 43 کے مجموعی اسکور پر اریان جوئل آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کے ٹاپ اور مڈل آرڈر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک موقع پر 179 پر اس کے محض دو ہی کھلاڑی آؤٹ تھے اور اسے صرف 88 رنز درکار تھے تاہم یہاں پاکستانی نوجوانوں میچ میں شاندار واپسی کی۔

کھیل کے آخری حصے میں بھارت کی وکٹیں لگاتار گرتی رہیں اور آخری اوور میں اسے آٹھ رنز درکار تھے جب کہ اس کی تین وکٹیں باقی تھیں۔

تاہم پاکستانی گیندباز ہدف کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے اور ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔

گرین شرٹس کی جانب سے محمد حسنین اور سیف بدر نے دو، دو جبکہ عمر خان اور عماد بٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین لوٹایا۔


متعلقہ خبریں