حکومتی اقدامات سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیرا عظم عمران خان نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالی تو سب سے بڑا چیلنج کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھا، حکومت کو تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ ملا تھا۔ وزیر اعظم بنا تو ملک کو ساڑھے 19 ارب روپے کا خسارہ تھا۔

انہوں ںے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں سے استحکام آنا شروع ہو گیا ہے اور اب روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے۔ موجودہ حکومت کو تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ ملا تھا اور جس ملک میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہو وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں کوئی طویل مدتی پالیسی نہیں بنتی، 5 سال کو سامنے رکھ کر حکومتیں کام کرتی ہیں۔ چین نے اقتصادی پالیسیوں میں تسلسل کے باعث ترقی کی ہمیں چائنہ سے سیکھنا چاہیے۔ اب ہم بھی طویل مدتی پالیسیاں بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس دن ہمارے ملک کی پالیسیوں میں تسلسل پیدا ہوا سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو گا۔ ہمارے ملک میں پالیسیاں سیاسی مفادات کے لیے بنائی جاتی ہیں جبکہ بھارت گروتھ ریٹ میں ہم سے آگے نکل گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں معاشی سفارتکاری کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، شاہ محمود قریشی

وزیر اعطم نے کہا کہ ہم اگر ٹیکس دینا شروع نہیں کریں گے تو ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور ہم پیچھے رہ جائیں گے۔ اس وقت ہمارے ٹیکس وصولی کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔  مہنگائی کی وجہ سے ہی غربت بڑھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر طرح کے ذخائر موجود ہیں لیکن کرپشن کی وجہ سے ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں اگر کرپشن نہیں ہوتی تو صرف ریکوڈک کی وجہ سے پاکستان اور بلوچستان بہت ترقی کر سکتا تھا۔


متعلقہ خبریں