شہباز شریف کا بطور چیئرمین پی اے سی استعفی منظور کرلیا گیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میاں محمد شہباز شریف کا بطور چئیرمین پی اے سی استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ 

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس ضمن میں نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفیکشن کے مطابق استعفیٰ کا اطلاق آج مورخہ 20 نومبر 2019 سے ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 6ماہ سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس نہیں ہوا ہے ۔ شہباز شریف نے اپنی استعفی دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یہ ذمہ داری ادا نہیں کرسکتے میری جگہ رانا تنویر کو پی اے سی کا چیئرمین لگایا جائے ۔

خیال رہے کہ چیئرمین پی اے سی کی تقرری کا اختیار اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے پاس ہے۔

یاد رہے کہ  مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے رواں سال مئی میں رانا تنویر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین اور خواجہ آصف کو پارلیمانی رہنما مقرر کرنے کی منظوری دے دی تھی۔

خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا  کہ شہبازشریف جماعت کے رہنما ہیں، ہم انہی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی اے سی کی تبدیلی سے روایت نہیں ٹوٹے گی، ہم نے کوئی روایت نہیں توڑی بلکہ تین عہدے  جو کہ یکجا تھے انہیں تقسیم کیا ہے جس سے تمام عہدے موثر انداز میں امور سرانجام دے سکیں گے۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کو ان فیصلوں پر اعتماد میں لے چکے ہیں، شہباز شریف بجٹ اجلاس میں شریک ہوں گے، کچھ خاندانی مسائل اور صحت کی وجہ سے انہیں لندن جانا پڑا۔

یہ بھی پڑھیے: ن لیگ کا رانا تنویر کو چیئرمین پی اے سی بنانے کا فیصلہ


متعلقہ خبریں