اسلام آباد میں پولن الرجی کیمپ کا اعلان

اسلام آباد میں پولن الرجی کیمپ کا اعلان | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے انتظامی ادارے سی ڈی اے نے اسلام آباد میں 20 تا 30 مارچ تک پولن الرجی کیمپ لگانے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب دارالحکومت میں پولن ذرات کی فی کیوبک میٹر مقدار 35 ہزار ذرات سے بڑھ گئی ہے۔

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے) کے مطابق پولن الرجی کیمپ آبپارہ کیمونٹی سینٹر میں لگایا جائے گا۔ اس دوران متاثرہ افراد کو تشخیصی سہولیات کے علاوہ دوائیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

پولن الرجی کیمپ میں ہر سال ایلوپیتھک، ہومیو پیتھک اور طب یونانی کے اسٹالز لگائے جاتے ہیں۔ جہاں متاثرہ افراد اپنی مرضی کے مطابق علاج کے لئے رجوع کرتے ہیں۔

پولن الرجی کیمپ کے دوران لوگوں کو احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے تاکہ وہ تکلیف دہ صورتحال سے محفوظ رہ سکیں۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق سہالہ رورل ہیلتھ سینٹر کے انچارج ڈاکٹر ہارون اقبال کیمپ کے سربراہ ہوں گے۔ ڈرگ انسپکٹر سردار شبیر کو دواؤں کے انتظام اور انہیں کیمپ میں بروقت پہنچانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

کیمپ کے متعلق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد نجیب درانی کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اس دوران پلمونالوجسٹ، الرجی اسپیشلسٹ، طب فاونڈیشن، پومیوپیتھک ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت ادویہ ساز صنعت کے افراد شریک ہوئے۔ ضلعی افسر نے شرکاء سے کہا کہ وہ ماضی کی طرح پولن الرجی کیمپ کے لئے دوائیں عطیہ کریں۔

قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) نے 1983 سے 1993 کے دوران اسلام آباد میں ایک سروے کرایا تھا۔ جائزے کے اعدادوشمار سے معلوم ہوا تھا کہ دارالحکومت کے 14 فیصد شہری الرجیز کا شکار ہیں۔

پولن کیا ہے؟

مختلف پودے افزائش نسل کے لئے جو ذرات خارج کرتے ہیں انہیں ‘پولن’ کہا جاتا ہے۔ یہ باریک ذرات پودوں سے خارج ہونے کے بعد ہوا میں موجود رہتے ہیں۔

حساس طبیعت یا پہلے سے بیماری کا شکار افراد بہار کے موسم میں ان ذرات کی وجہ سے پولن الرجی کا نشانہ بن جاتے ہیں۔

پولن الرجی کی علامات:

اگربہار کے موسم میں آپ کی ناک اور آنکھوں سے پانی بہنے لگے، گلے میں خراش محسوس ہو، متواتر کھانسی، سونگھنے اور چکھنے کی حس میں کمی، سانس لینے میں دشواری محسوس ہو تو فورا پنا معائنہ کروائیں۔ پولن الرجی کے مریض میں بھی یہی علامات پائی جاتی ہیں۔

پولن الرجی سے بچاؤ کی تدابیر:

  • ناک اور منہ کو گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں۔
  • کھلی فضا میں جاتے وقت اپنے نتھنوں پرزیتون کا تیل یا ویزلین لگائیں۔
  • خالی پیٹ کوار گندل یا گھیکوار (ایلوویرا) کا استعمال کریں۔

متعلقہ خبریں