چیف جسٹس کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں، بابر اعوان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قانون دان بابر اعوان  نے  کہا  ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف  بابر اعوان نے کہا کہ انصاف کی فراہمی  پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ حکومت کی توجہ نظام کی بہتری پر مرکوز ہے ملک میں ماڈل کورٹس کا نظام  دنیا کے کسی بھی نظام کا مقابلہ کرسکتا ہے۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں ججز اور وسائل کی کمی ہے۔ وکلا  کے  پاس  بیٹھنے کے لیے کرسیاں بھی نہیں ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ  تمام  ادارے  پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے ایک پیج پر ہیں۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوایشن یاسین آزاد نے کہا کہ اداروں پر انگلی اٹھانے والے اپنی کارکردگی  نہیں دیکھتے ہیں۔عدلیہ اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے بیانات سمجھ  سے بالاتر ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ’طاقتوروں کا طعنہ  ہمیں نہ دیں ، کسی کو باہر جانے کی اجازت انہوں نے خود دی‘

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین پاکستان  بار کونسل امجد علی شاہ  نے کہا کہ وزیراعظم  ملک کو آزاد عدلیہ دے دیں تو سب ٹھیک ہوجائےگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے عمل سے ثابت کریں کہ وہ عدلیہ کا ساتھ دیں گے،عدلیہ کا اعتماد  تب بحال ہوگا جب حکومت عدلیہ کا احترام کرے گی۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ وہ موجودہ عدلیہ کا 2009  سے پہلے کی عدلیہ سے موازنہ نہ کریں۔

جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہا  تھا کہ ججز کو کوئی سہولت نہیں پھر بھی کام کر رہے ہیں اور فیصلے دے رہے ہیں۔ طاقتوروں کا طعنہ  ہمیں نہ دیں، ہمارے سامنے کوئی طاقتور نہیں۔ کسی کو باہر جانے کی اجازت انہوں نے خود دی۔عدالت نے موڈیلیٹیز طے کی ہیں۔


متعلقہ خبریں