شریف خاندان عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا،مولانا کی سیاست ختم ہوگئی: عمران خان

شریف خاندان عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا،مولانا کی سیاست ختم ہوگئی: عمران خان

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاست ختم ہوگئی ہے اور وہ صرف اپنی خفت مٹا رہے ہیں۔

’عمران خان نے جو کہا کر کے دکھایا ‘

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے ترجمانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ذمہ دارذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کا مسئلہ صرف عمران خان ہے  اور اسے ملکی معیشت میں آنے والی بہتری کا بھی خوف ہے۔

ذرائع کے مطابق ترجمانوں نے وزیراعظم سے پارٹی فنڈنگ کیس کے حوالے سے دریافت کیا تو انہوں ںے نہایت پراعتماد لہجے میں کہا کہ پارٹی فنڈنگ کیس میں کچھ نہیں ہے لہذا مطمئن رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں اثاثوں کی تفصیلات بتا چکا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی فنڈز کے آڈٹ ہوچکے ہیں لہذا فکر نہ کریں۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے اجلاس کے دوران کہا کہ میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عدالت کا فیصلہ تسلیم  کیا۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں جس فلیٹ پر قیام کیا اس کی ملکیت تک ثابت نہ کر سکے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جن بیٹوں نے استقبال کیا وہ پاکستان میں اشتہاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ساتھ گیا اس کے بیٹے اور داماد اشتہاری ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی طیارے کے اندر بیٹھے تصویر سامنے آگئی

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملکی معیشت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں دن بدن بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو خوف ہے کہ معیشت بہتر ہوگئی تو ان کی باریاں ختم ہو جائیں گی۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ میں اپنے مؤقف و نظریے پہ ڈٹ کر کھڑا ہوں اور تنہا اس مافیا کا مقابلہ کروں گا۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیئرمین نیب کے بیان کا بھی تذکرہ ہوا تو وزیراعظم نے کہا کہ میں احتساب کا حامی ہوں خواہ وہ اپوزیشن کا ہو یا پھر حکومت کا۔ انہوں نے کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے جس کا چاہے بلاتفریق احتساب کرے۔

’فضل الرحمان غلط فہمی دور کرلیں، ق لیگ وزیراعظم کیساتھ ہے‘

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کے مشترکہ اجلاس میں واضح کیا کہ جس نے بھی ملک کے پیسے کھائے ہیں اس کو حساب دینا ہوگا اور حکومت کسی بھی طرح احتساب کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔


متعلقہ خبریں