الزامات کے باوجود حکومت اراکین آزاد گھوم رہے ہیں، مرتضیٰ وہاب


کراچی: پیپلز پارٹی کے رہنما اور حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کے رہنما الزامات کی بنیاد پر جیل میں ہیں لیکن وزیر اعظم سمیت حکومتی اراکین آزاد گھوم رہے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما اور حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت گھبراہٹ کا شکار ہے وہ کوئی بھی فیصلہ کرنے میں جلد بازی کرتے ہیں اور پھر یوٹرن لے لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک روانگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے پہلے بھی نواز شریف ہی ملک سے باہر گئے تھے۔ آصف زرداری کے خلاف صرف الزامات ہی ہیں وہ ابھی تک ثابت نہیں ہو سکے ہیں۔ اس سے قبل بھی آصف علی زرداری پر الزامات لگائے گئے تھے لیکن اس وقت بھی وہ ثابت نہیں ہو سکے۔

مرتضٰی وہاب نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت انتہائی ناساز ہونے کے باوجود ان کے ذاتی معالج کو ملنے نہیں دیا جا رہا جبکہ ڈاکٹر ان کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار بھی کر چکے ہیں لیکن ہمارے ملک میں دہرا معیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ہمیشہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کو نشانے پر رکھا گیا ہے۔ ہمارے ملک میں ماضی میں بھی الزامات کی سیاست کی گئی اور آج بھی الزامات کی سیاست ہی ہو رہی ہے۔ آصف علی زرداری پر لگنے والے الزامات تاحال ثابت نہیں ہو سکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں نواز شریف واپس نہیں آئے تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی، شہزاد اکبر

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ الزامات کی بنیاد پر اگر پیپلز پارٹی کے رہنما جیل جا سکتے ہیں تو پھر حکومت اراکین پر بھی الزامات ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ مسلم لیگ ن کے پاس شاید کوئی الہ دین کا چراغ ہے جو وہ سزاؤں سے بچ نکلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں سارے پاکستانیوں کو دل کے علاج کی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ اس کے علاوہ بھی کئی ایسے ترقیاتی کام کیے گئے ہیں جو شاید لوگوں کو نظر نہیں آتے۔


متعلقہ خبریں