سرمایہ کاری ملک میں واپس آ رہی ہے، ماہر معاشیات


کراچی: وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اور ماہر معاشیات ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں اور سرمایہ کاری ملک میں واپس آ رہی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے اہداف کافی آسانی سے حاصل کر لیے گئے اور امید ہے آگے چل کر مزید بہتری آئے گی جبکہ ملک میں موجود سرمایہ کاری میں بھی بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہمارے مسائل بہت زیادہ تھے اور ہمارے پاس صرف 10 ارب ڈالر تھے تاہم ہم نے مسائل کا سامنا کیا جس کے اثرات عوام پر بھی پڑے تاہم اب معاشی حالات بہتر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہونا شروع ہو گیا ہے اور سرمایہ کاری ملک میں واپس آ رہی ہے۔

ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی ریفارمز میں بہت تاخیر کی ہے۔ 10 سال پہلے تک تو کوئی ریفارمز کا نام بھی نہیں لیتا تھا۔ پاکستان کا گورننس سسٹم بہت خراب رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ذاتی طور پر زراعت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ان چیزوں میں بہتری آنے میں وقت لگتا ہے۔ ملک میں مہنگائی بڑھنے کی بڑی وجہ برآمدات میں کمی آنا تھی بھارت سے تعلقات کی خرابی بھی معیشت پر اثر انداز ہوئی جس کا براہ راست اثر غریب شخص پر پڑا۔

یہ بھی پڑھیں الزامات کے باوجود حکومت اراکین آزاد گھوم رہے ہیں، مرتضیٰ وہاب

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمارے ملک میں پیدا ہونے والی مشکلات کو ماضی میں قرضوں سے دور کیا جاتا تھا لیکن اب دنیا پاکستان کو قرض دینے پر رضا مند نہیں ہیں۔ ریفارمز کی وجہ سے ہم بہتری کی طرف جائیں گے۔


متعلقہ خبریں