ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان پھر خطرے میں!

ویسٹ انڈیز کا دورہ پاکستان پھر خطرے میں! | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: ویسٹ انڈیزنے تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بھیجے گئے معاہدے پر دستخط نہیں کئے ہیں۔

دورہ ویسٹ انڈیز سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ مہمان ٹیم کی انتظامیہ نے اب تک مجوزہ شیڈول پر دستخط نہیں کیے ہیں۔

دریں اثناء ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے پی سی بی سے رابطہ کر کے تحفظات دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ رابطہ بدھ کو پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں خودکش دھماکے کے بعد کیا گیا ہے۔

دونوں کرکٹ بورڈز میں سے کسی نے یہ نہیں بتایا کہ تحفظات کس نوعیت کے ہیں اور ان کے ازالے کے لئے کیا تجاویز دی گئی ہیں۔

کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ اس تعطل کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر ایک بار پھر شکوک و شبہات کے بادل منڈلاتے نظر آرہے ہیں۔

یہ تاثر اس لئے بھی مضبوط محسوس ہوتا ہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

پی سی بی کراچی میں تین میچوں کی سیریز کے لئے معاہدہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو بھجوا چکا ہے۔ کرکٹ سیریز کے متعلق تفصیلات پر مبنی معاہدہ گزشتہ ہفتے بھیجا گیا تھا۔

پی سی بی کے چئیرمین نجم سیٹھی نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس دورے میں مہمان ٹیم کراچی میں تین میچز کھیلے گی۔

پی سی بی کے اس اعلان کو ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے تناظر میں خوش آئندہ قرار دیا گیا تھا۔ کرکٹ شائقین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنے ردعمل میں خوشی کا اظہار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں