نواز چائے بمقابلہ کپتان چائے، کون سی زیادہ مقبول؟


لاہور: ہائیکورٹ کے قریب کیفے مالک محمود سندھو نے سیاسی گرما گرمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں کے لیے وزیراعظم عمران خان کے نام سے منسوب کپتان چائے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام سے نواز چائے متعارف کرا دی ہے۔

روایتی بریانی بیچنے والے کیفے مالک نے کاروبار کو تگڑا سیاسی تڑکا لگایا اور کپتان چائے کی فی کپ قیمت پچاس اور نواز چائے کی فی کپ تیس روپے رکھی گئی ہے۔

ہوٹل پر دن بھر کپتان یا نواز چائے کی آوازیں گونجتی رہتی ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ ن کے چاہنے والے مزہ دوبالا کرنے کے ساتھ اپنے اپنے قائدین کی پالیسیوں کا چرچا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

کیفے مالک کے مطابق دونوں شخصیات سے منسوب چائے الگ الگ  پکائی جاتی ہے اور ذائقے میں بھی قدرے مختلف ہے۔

محمود سندھو کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں ملک کے اندر مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ان کے نام سے منسوب چائے کی قیمت پچاس روپے رکھی گئی ہے جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں مہنگائی قدرے کم تھی اس لئے ان کے نام کی چائے کا کپ 30 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

 


متعلقہ خبریں