کراچی میں پی ایس ایل فائنل کا سیکورٹی پلان تیار


کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل تھری) سیزن تھری فائنل کی فول پروف سیکورٹی کا حتمی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سیکورٹی پلان سندھ رینجرز اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔

رینجرز اور پولیس کے متعلقہ حکام عوام الناس کو آگاہی دینے کے لئے 19 مارچ کو میڈیا بریفنگ دیں گے۔

تیارکردہ پلان کے مطابق 25 مارچ کو فائنل کے موقع پر گلشن اقبال ٹاؤن کا مخصوص حصہ ریڈ زون قرار دیا جائے گا۔

ریڈزون کے تحت نیشنل اسٹیڈیم کے چاروں اطراف کی سڑکیں مکمل طور پر بلاک کردی جائیں گی۔ اسٹیڈیم کے اطراف میں کسی کو دوکان یا دفترکھولنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

پی ایس ایل فائنل کی سیکورٹی فول پروف بنانے کے لئے آٹھ ہزار سے زائد اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔ اسٹیڈیم کےاندراور باہر رینجرز، سندھ پولیس کے کمانڈو، اسپیشل سیکورٹی یونٹ اور پولیس کے جوان تعنیات ہوں گے۔

کار پارکنگ سے اسٹیڈیم تک تین سے چار مقامات پراسکینرز نصب ہوں گے، شائقین کو واک تھرو گیٹ سے گذارا جائے گا۔

اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے خواہش مندوں کو جامہ تلاشی دینا ہو گی، انکلوژرز میں مخصوص اشیا لے جانے پر پابندی ہوگی۔ پارکنگ کے لئے درجہ بندی اسٹیکرز کے رنگوں کے اعتبار سے کی جائے گی۔

شائقین کرکٹ کو پابند کیا جائے گا کہ وہ مخصوص وقت تک اسٹیڈیم میں سیکورٹی کے مراحل سے گزر کر داخل ہو جائیں۔

سندھ حکومت اور سیکورٹی حکام پی ایس ایل فائنل کے دن کے ٹریفک روٹس کی تشہیر عوام کے لئے میڈیا کے ذریعے کریں گے۔

سیکورٹی پلان پرمکمل عملدرآمد یقینی بنانے اور ساری صورتحال پر نگاہ رکنھے کے لئے حساس اداروں کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کےجوان بھی موجود ہوں گے۔


متعلقہ خبریں