ٹیسٹ کیپ وصول کرنے پر نسیم شاہ آبدیدہ ہو گئے


بریسبین: قومی ٹیم کے نوجوان تیز گیند باز نسیم شاہ آسٹریلیا کی سرزمین پر ڈیبیو کرنے والے سے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔

قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے جب انہیں ٹیسٹ کیپ پہنائی تو وہ اپنے جذبات کو قابو میں نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں اشک بار ہو گئیں۔

یاد رہے آسٹریلیا اے کے ساتھ تین روزہ میچ سے ایک روز قبل نسیم شاہ کی والدہ کا انتقال ہو گیا تھا۔

نوجوان گیند باز نے وطن واپسی کے بجائے آسٹریلیا اے خلاف میچ کھیلا اور اپنی بہترین تیز گیند بازی سے آسٹریلیا سمیت دنیا بھر کے سابق کرکٹرز اور لیجنڈز کو اپنا گرویدہ بنا ڈالا۔

نسیم شاہ سے قبل یہ اعزاز آسٹریلیا کے آئین کریگ کے پاس تھا جنہوں نے 17 سال 239 دن کی عمر میں آسٹریلوی سرزمین پر ڈیبیو کیا تھا۔

اس ضمن میں اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پوری دنیا کی نظریں نسیم شاہ کے اوپر مرکوز ہیں، مجھے امید ہے کہ وہ بہترین گیند بازی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نسیم ایک بہادر کھلاڑی ہیں اور مجھے بہت اچھا لگا ہے کہ ایک نوجوان گیند باز ٹیم میں شامل ہوا ہے۔
اس سے پہلے پاکستان کے ہی عاقب جاوید نے 17 سال 160 دن کی عمر میں میلبرن ٹیسٹ کھیلا تھا۔

واضح رہے پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔

اننگز کا بہترین آغاز ملنے کے باوجود قومی ٹیم کے بلے باز بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 240 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔


متعلقہ خبریں