سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت نہ سنبھل سکی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت نہ سنبھل سکی، میڈیکل بورڈ نے نقل و حرکت سے سختی سے منع کر دیا۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت میں بہتری نہیں آسکی۔ پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے سابق صدر کا طبی معائنہ مکمل کر لیا۔ میڈیکل بورڈ نے سابق صدر کو مکمل آرام کا مشورہ دیتے ہوئے نقل و حرکت سے سختی سے منع کر دیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کی طبیعت میں بہتری نہیں آ سکی ہے جبکہ سابق صدر کا بلڈ پریشر لیول بھی بہتر نہیں ہو سکا۔ ‏سابق صدر کا شوگر لیول نارمل کرنے کے لیے انسولین میں اضافہ کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ‏آصف علی زرداری کے دل کے بھی چند ٹیسٹ آج کیے جائیں گے۔ ان کی کمر اور گردن میں بھی درد برقرار ہے جس کے لیے ان کی خصوصی فزیوتھراپی کی جا رہی ہے۔

گذشتہ روز سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سابق صدر کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق پنجاب حکومت کو کئی درخواستیں دیں، جیل ڈاکٹروں کی ہدایات پر ہی آصف زرداری کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا پھر بھی انہیں ذاتی معالج فراہم نہیں کیا گیا جو کہ کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں حکومت کی نواز شریف اور آصف زرداری کے معاملے پر دہری پالیسی ہے، شیری رحمان

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کی بیماری پر کسی کو شک نہیں ہے لیکن پھر بھی انہیں بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔ جو سہولیات نواز شریف کو دی گئی ہیں وہی سہولیات آصف علی زرداری کو بھی ملنی چاہئیں۔


متعلقہ خبریں