حکومت کی اتحادیوں کو منانے کی کوشش، اہم ملاقات کی اندرونی کہانی


اسلام آباد: گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اراکین سے حکومت کی اقتصادی کوارڈینیشن کمیٹی سے ہونے والی ملاقات کی اندورنی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ایم کیو ایم نے میئر کراچی کو 25 ارب کا فنڈ جاری کرنے کا مطالبہ دہرا دیا تاہم کمیٹی نے متحدہ کے وفد کو جواب دیا کہ کس مد میں کتنا فنڈ جاری ہو سکتا ہے یہ وزیر اعظم عمران خان کی حتمی منظوری کے بعد پتہ چلے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی اراکین بدھ کو دوبارہ ایم کیو ایم کے اراکین سے ملاقات کریں گے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے اتحادی جماعتوں کے وفد کی ملاقات وزیر اعظم کی ہدایت پر ہوئی۔

عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم اراکین کو پیغام دیا ہے کہ وفاقی حکومت ترجیحات کا تعین کئے بغیر فنڈز جاری نہیں کرسکتی جس پر متحدہ نے مؤقف اپنایا کہ بلدیاتی حکومت سڑکوں مرمت، سیوریج اور پانی کے مسائل کے حوالے سے پیسے پارٹی پیسے طلب کررہی ہے۔

ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کے ایم سی کے زیر انتظام اداروں کو فنڈ کی کمی کا سامنا ہے۔

دوسری جانب جی ڈی اے رہنماؤں نے بھی مطالبہ کیا کہ صرف کے ایم سی ہی نہیں سندھ کے دیگر اضلاع کے لئے بھی فنڈز مختص کیے جائیں۔

جی ڈی اے کے رہنماؤں نے بھی گورنر سندھ کو اپنی ترجیحات سے آگاہ کردیا۔


متعلقہ خبریں