ملک بھر میں مظاہرے، جے یو آئی کا اجلاس جاری

۔—رائٹرز فائل فوٹو۔


اسلام آباد: حزب اختلاف کے جلسوں اور مظاہروں کے پلان کے معاملے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) اسلام آباد کی جانب سے تمام جماعتوں کی مقامی اے پی سی کا اجلاس شروع ہوگیا۔

جے یو آئی ف اسلام آباد کے امیر عبد المجید ہزاروی اے پی سی کی صدارت کر رہے ہیں جو طارق فضل چودھری کی رہائش گاہ پر ہورہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اے پی سی  میں ن لیگ، جے یو آئی سمیت دیگر جماعتوں کے مقامی رہنما شرکت کر رہے ہیں تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے کوئی رہنما شریک نہیں۔

اے پی سی میں جڑواں شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور جلسوں کے حوالےسے مشاورت کی جائے گی۔

رہبر کمیٹی کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد اسلام آباد میں احتجاج کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔

اس سے قبل پارٹی رہنما اکرم خان درانی نے جمعے سے ملک بھر میں جلسوں کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوام کو جلد ہی خوشخبری ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے غیر ملکی فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی پارٹی ختم ہو جائے گی اور انہیں اخلاقی طور پر مستعفی ہوجانا چاہیے۔

منگل کو جے یو آئی (ف) رہنما عبدالغفور حیدری نے کہا تھا کہ ہم نے احتجاجی تحریک سے بہت کچھ حاصل کر لیا ہے جس کے نتائج آئندہ چند روز میں سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کا بیانیہ حزب اختلاف کی سب جماعتوں کا بیانیہ بنا۔ انتخابات ایک ڈھونگ تھے اور عمران خان کو مسلط کیا گیا جبکہ ہمیں کہا گیا کہ انہیں وقت دیں تاکہ پالیسیاں سامنے آئیں لیکن ڈیڑھ سال میں یہ کوئی مثبت پیش رفت نہ کر سکے۔


متعلقہ خبریں