ایئرمارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا


اسلام آباد: حکومت پاکستان کی جانب سے نامزد کئے جانے کے بعد ائیرمارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

پاک فضائیہ کے سابقہ سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان مدت ملازمت مکمل کرکے 18 مارچ کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے ہیں۔

23 دسمبر 1962کو جنم لینے والے ایئرمارشل مجاہد انور خان نے پی اے ایف کی جی ڈی پی برانچ میں دسمبر1983 میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان سے اعزازی شمشیر اور بیسٹ پائلٹ ٹرافی حاصل کی۔

شاندارتعلیمی اور تربیتی کیرئیر کی وجہ سے وہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل کے بھی حقدار قرار پائے تھے۔

ایئرمارشل مجاہد انور خان نے فائٹر اسکواڈرن،ٹیکٹیکل اٹیک ونگ،16-F کی دو ایئر بیسسز اور ریجنل ایئر کمانڈ کی کمان بھی کی ہے۔

نامزد ایئرچیف کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹرہونے کے علاوہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سمیت دیگر ملکی و غیرملکی اعلیٰ تعلیمی اداروں سے بھی فارغ التحصیل ہیں۔

ایئرمارشل مجاہد انور خان چیف آف دی ائیر اسٹاف کے پرسنل اسٹاف افسر،اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر اسٹاف (آپریشنز) اور ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف (آپریشنز) بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

وہ موجودہ ذمہ داری سے قبل ائیرہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بطور ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف (اسپورٹس) اینڈ ڈائیرکٹر جنرل ائیرفورس اسٹریٹیجک کمانڈ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

ائیرمارشل مجاہد انور خان نے اپنے فوجی کیریئر کے دوران ایف-16، ایف-6، ایف ٹی-5، ٹی-37 اور دیگر لڑاکا و تربیتی طیارے نہایت مہارت سے اڑائے ہیں۔

پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر انہیں ہلال امتیاز(ملٹری)، ستارہ امتیاز(ملٹری) اور تمغہ امتیاز(ملٹری) سے بھی نوازا گیا ہے۔

پاکستانی آئین اور قانون کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی ایڈوائس پر صدر پاکستان فوجی سربراہوں کا تقرر کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں