خیبر پختونخوا حکومت کا کھیلوں کے فروغ کے لئے بڑا فیصلہ


پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے کھیلوں کے فروغ  کے لئے نیشنل گیمز اور صوبائی گیمز میں میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو ماہانہ اعزازیہ (stipend) دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیبر پختونخواہ کے سینئر وزیر برائے کھیل عاطف خان کی زیرصدارت  ہونے والے اجلاس میں بین الااقوامی مقابلوں میں حصہ لینے والے خیبر پختونخواہ کے کھلاڑیوں کو سپانسر کرنے اور 100 کوچز بھرتی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر عاطف خان کے مطابق میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو اگلے سال جنوری سے ماہانہ اعزازیہ کا اجرا ہوگا۔ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو ایک سال تک ماہانہ اعزازیہ دیا جائیگا۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ نیشنل گیمز اور صوبائی گیمز میں گولڈمیڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو 20 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائیگا۔ سلور میڈل حاصل کرنے والوں کو 15 ہزار روپے، براونز میڈل والے کو 10 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ کھیلوں کے میدانوں کا آباد ہونا ایک پرامن اور محفوظ پاکستان کا مظہر ہے‘

عاطف خان نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے 100 کوچز بھی اگلے سال سے بھرتی کیے جائیں گے۔ کوچ ملک بھر سے بھرتی کیے جائیں گے، نیشنل سطح پر گولڈ میڈل ہولڈر ہونا ضروری ہوگا۔

سینئر صوبائی وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے والے خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کو حکومت سپانسر کرے گی۔


متعلقہ خبریں