’عمران خان کی امانت و دیانت پر انگلی اٹھا کر احسن اقبال گنہگار ہو رہے’


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عدالتی سزایافتہ کو معصوم ثابت کرنے کے لئے عمران خان کی امانت ودیانت پر انگلی اٹھا کر احسن اقبال گنہگار ہو رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ لٹیرا لیگ احسن انداز میں جھوٹ کا اقبال بلند کررہی ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت کے تمام اکائونٹس، کاروبار اور علاج بیرون ملک میں ہے،
پاناما کی کرپشن اور کالی کمائی کے انبار قوم بھول نہیں گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لیگی رہنما چیف الیکشن کمشنر کو سیاسی دھمکیاں دینا بند کریں۔ سپریم کورٹ پر آپ نے حملہ کیا یا بریف کیسوں کی چمک آپ دکھاتے رہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لیگی رہنما آج نئے بھیس میں پھر قوم کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

احسن اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ جس مشن ٹوئنٹی ٹوئینٹی پر ہیں وہ پورا ہونے والا نہیں ہے۔ عمران خان 2018 میں پانچ سالہ سیریز جیت چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں