’ اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے ‘

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن سیاسی منافقت کی زندہ مثال بن چکی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں حزب اختلاف کی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پر فارم 45 اور آر ٹی ایس کے حوالے سے الزام عائد کرنے والے آج نئے بہروپ میں اس ادارے کو سیاسی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک اکاؤنٹس، کاروبار اورعلاج کرانے والے اور ان کے ہم نواء غیر ملکی فنڈنگ کیس میں بھی منہ کی کھائیں گے۔

یاد رہے الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو ملنے والے مبینہ غیر ملکی فنڈز کی چھان بین کیلئے روزانہ کی بنیاد پر تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ کمیٹی 26 نومبر سے روزانہ کی بنیاد پر تحقیقات کرے گی اور یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو بھی 26نومبر کو اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے طلب کر رکھا ہے۔

کیس کا پسِ منظر

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف 2014 سے درخواست دائر کررکھی ہے۔

اکبر ایس بابر نے اپنے درخواست میں الزام لگایا کہ غیر قانونی اور غیر ملکی فنڈز میں تقریباً 30 لاکھ ڈالر 2 آف شور کمپنیوں کے ذریعے اکٹھے کیے گئے، مذکورہ رقم غیر قانونی طریقے ‘ہنڈی’ کے ذریعے مشرق وسطیٰ سے پی ٹی آئی ملازمین کے اکاؤنٹس میں بھیجی گئی۔

درخواست کے مطابق فنڈز جمع کرنے کے لیے استعمال ہونے والے غیر ملکی اکاؤنٹس کو ای سی پی میں جمع سالانہ آڈٹ رپورٹس سے چھپایا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے 10 اکتوبر2019 کو اس کیس کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواستوں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا جس کے خلاف پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی اور ہائی کورٹ نے کیس کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں