بیرونی سرمایہ کار کمپنیاں اب پاکستان کا رخ کر رہی ہیں، وزیر خارجہ

بیرونی سرمایہ کار کمپنیاں اب پاکستان کا رخ کر رہی ہیں، وزیر خارجہ

فوٹو: ہم نیوز


ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرونی سرمایہ کار کمپنیاں اب پاکستان کا رخ کر رہی ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی کرسی پر ڈٹے رہنا ہماری منزل نہیں بلکہ ملک میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ قوم نے تبدیلی کے لیے مینڈیٹ دیا ہے اور ہم نے ملک کو درست سمت پر ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ملکی معیشت گرفت میں آچکی ہے جبکہ ہم ملک کو معاشی طور پر مضبوط اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ معاشی ترقی کو جانچنے والے بین الاقوامی ادارے پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں بہتری کی نوید سنا رہے ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، تجارتی خسارے میں کمی اور دیگر معاشی اشارے بھی بہتری کو ظاہر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کی بدولت معیشت مضبوط اور روزگار میں اضافہ ہو گا، سی پیک خطے میں تبدیلی کا اشارہ ہے، سی پیک اور ون بیلٹ اینڈ روڈ جیسے منصوبے ہماری حکومت کے شاندار منصوبے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں سی پیک چینی امداد نہیں بلکہ تجارتی منصوبہ ہے، اسد عمر

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ون بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے ذریعے ڈیجیٹل رابطوں، سیاحت، ثقافتی روابط اور پائیدار ترقی جیسے ثمرات حاصل ہوں گے۔ سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہے اس میں توجہ صنعت سازی اور معاشی و معاشرتی ترقی پر مرکوز ہے۔

انہوں ںے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ” سی پیک اتھارٹی” قائم کر دی ہے اور صنعتی ترقی کے لیے حکومت بہت جلد اقتصادی زونز قائم کرنے جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں