’ عمران خان نے نواز شریف کو این آر او دے کر باہر بھیجا‘



اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ ن کے تاحیات صدر نواز شریف کو این آر او دے کر باہر بھیجا ہے جبکہ ایک اور سیاسی شخصیت کو بھی  این آر او دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ نیوز لائن‘ میں میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد سے خالی ہاتھ نہیں گئے، لوگ تھوڑا انتظار کر لیں سب کچھ سامنے آ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اسی طرح جانے والی ہے جس طرح یہ لوگ اقتدار میں آئے تھے۔

جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ یہاں جس کے پاس اقتدار ہوتا ہے اس کے پاس اختیار نہیں ہوتا اور جس کے پاس اختیار ہے وہ نظر نہیں آتا۔

مفتی کفایت اللہ کے دعوی پر مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا تنویر حسین نے کہا کہ نواز شریف بہت بیمار ہیں جس کے بارے میں وزیراعظم عمران خان نے بھی معلومات لیں اور پھر انہیں علاج کے لئے باہر جانے کی اجازت دی، این آراو کا تاثر دینا غلط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے استعفی کے مطالبے پر ہم جے یو آئی ف کے ساتھ کھڑے ہیں، آزادی مارچ جیسے بڑے احتجاج حکومتوں کو ہلا کر رکھ دیتے ہیں، آئندہ آنے والے دو تین ماہ میں سب کو اس کے اثرات نظر آئیں گے۔


متعلقہ خبریں