وزیر خارجہ نے سی پیک سے متعلق امریکہ کی رائے مسترد کر دی

وزیر خارجہ نے سی پیک سے متعلق امریکہ کی رائے مسترد کر دی

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سی پیک سے متعلق امریکی نائب سیکریٹری ایلس ویلز کی رائے سے اتفاق نہیں کرتا، یہ منصوبہ پاکستان کے لئے گیم چینجر اور معاشی ترقی کیلیے بہت ضروری ہے۔ 

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کامیاب ہو کر رہے گا اور اس کے منصوبے جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت دیگر ممالک اگر اس منصوبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہیں تو اعتراض نہیں، یہ کہنا کہ سی پیک سے پاکستان کے قرضوں میں اضافہ ہوگا، درست نہیں۔

کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ  مقبوضہ وادی میں بھارت کی ہٹ دھرمی جاری ہے، وہاں  کرفیو کو112 روز گزر چکے ہیں، پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پھر سے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پرسیاسی جماعتوں سے کوئی اختلاف رائے نہیں، امریکی کانگریس میں اس سنگین مسئلے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ناروے کےسفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے قرآن کریم کی بےحرمتی پر احتجاج کیا گیا اور  بے حرمتی کرنے والے کو گرفتار کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے کیس پر تبصرہ نہیں کرناچاہتا، سندھ کی حکومت ان کے تابع ہےاور ان کی ڈھال بنی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پیپلز پارٹی کی ہے اس لئے زرداری صاحب کا کیس پنڈی منتقل کیا گیا کیونکہ سندھ گورنمنٹ تحقیقات میں نیب سمیت دیگر اداروں سے تعاون نہیں کررہی تھی۔


متعلقہ خبریں