قرآن کی بیحرمتی، وزیراعظم کی او آئی سی سے فوری رابطے کی ہدایت

بابر اعوان فارن فنڈنگ پر اہم پریس کانفرنس کریں گے

قرآن کی بیحرمتی، وزیراعظم کی او آئی سی سے فوری رابطے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قرآن پاک کی بیحرمتی پر وزارت خارجہ کو او آئی سی سے فوری رابطے کی ہدایت کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے ناروے میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسلام کے خلاف اشتعال انگیز کارروائیاں کسی صورت قابل قبول نہیں، ان کا سدباب کرنا ضروری ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے اپنی جماعت کے عہدیداروں کو حزب اختلاف کے منفی پراپیگنڈا کا بھرپور مقابلہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

ذرائع کے مطابق کور کمیٹی اجلاس کے دوران فارن فنڈنگ کیس پر بھی مشاورت کی گئی، عمران خان نے ماہر قانون بابر اعوان کو معاملے پر قانونی نکات عوام کے سامنے رکھنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعوان فارن فنڈنگ کے آئینی اور قانونی معاملات پر اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں ناروے کے شہرکرسٹین سینڈ میں اسلام مخالف تنظیم (سیان) کے سربراہ لارس تھورسن نے ریلی کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کرتے ہوئے نذر آتش کرنے کی کوشش کی۔

موقع پر موجود نوجوان عمر الیاس نے لارس تھورسن کو روکنے کے لیے اس پر حملہ کر دیا، پولیس کی مداخلت کے باعث قرآن کی بیحرمتی کرنے والے کی جان چھوٹی۔

قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے اسلام آباد میں تعینات ناروے کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا تھا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ناروے کے سفیر پر واضح کر دیا گیا  کہ قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو شدید تشویش ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایسے واقعات ایک ارب تیس کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو مجروع کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں