بلاول نے مولانا فضل الرحمان کی اے پی سی کی دعوت قبول کرلی

بلاول نے مولانا فضل الرحمان کی اے پی سی کی دعوت قبول کرلی

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔

ترجمان بلاول بھٹو زرداری مصطفی نواز کھوکھر کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں خود شریک ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ اے پی سی میں چیئرمن بلاول کی قیادت میں پارٹی وفد شریک ہوگا جس میں سینئر قائدین شامل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن کی تحریک کے حوالے سے پارٹی کی پالیسی اے پی سی میں رکھیں گے۔

یاد رہے گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے اے پی سی میں شرکت کے لئے چار رکنی اعلیٰ سطحی وفد شکیل دے دیا ہے۔

وفد میں سینیٹر راجہ ظفر الحق، سابق وزیر داخلہ احسن اقبال، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور امیر مقام شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ن لیگ نے اعلی سطح کا وفد تشکیل دیا ہے۔

واضح رہے  جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 26 نومبر کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلا رکھی ہے۔

ذرائع کے مطابق جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت حزب اختلاف کے دیگر رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سربراہ جے یو آئی ف نے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جبکہ دیگر جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم نے بہت گری ہوئی باتیں کی ہیں، شہباز شریف

مولانا فضل الرحمان نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے رہنماؤں سے اے پی سی بلانے سمیت دیگر امور پر بھی مشاورت کی۔


متعلقہ خبریں