پاکستان کی تاریخ کا بہترین بلدیاتی نظام لا رہے ہیں، عمران خان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب ایک قوم مستقبل کا نہیں سوچتی وہ برباد ہو جاتی ہے۔

کلین اینڈ گرین انڈیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاہور ایک صاف شہر تھا مگر آج کوئی وہاں سانس نہیں لے سکتا۔

انہوں نے کہا کہ وہاں پر بچے اور بوڑھے سانس نہیں لے سکتے، آلودگی ایک زہر ہے جو آہستہ آہستہ مارتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہورمیں بڑے پیمانے پر درختوں کو کاٹا گیا اور پورے شہر کو کنکریٹ بنا دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ کا تحفہ ہے جس میں ہر طرح کی معدنیات اور موسم پائے جاتے ہیں مگر ہم اس کی قدر نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان بہت جلد سیاحوں کا مرکز بنے گا، مگر ہم سب کو مل کر اس کی تباہی کو روکنا ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس کے بعد لوگوں کے پاس اختیارات آ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھی بلدیاتی نظام کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا وہاں کی حکومت کو بھی بلدیاتی نظام سے متعلق بتائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہمارے لوگوں نے ٹیکس دینا شروع کر دیا ہے جس سے حکومت کے پاس پیسہ آ رہا ہے جسے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کریں گے۔


متعلقہ خبریں