جسٹس مامون رشید شیخ کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری


اسلام آباد: ججز تقرری کی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس مامون رشید شیخ کو لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس  تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ججز تقرری کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی نے نئے ججز تقرر کرنے کے قوانین میں ترمیم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

مجوزہ قوانین (رولز) کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے نامزد کردہ جج صاحبان کو تقرری سے قبل پارلیمانی کمیٹی کے سامنے انٹرویو کے لیے پیش ہونا پڑے  گا۔

یہ بھی پڑھیں: اعلی عدلیہ میں ججز کی تقرری کا طریقہ تبدیل کیا جائے، فواد چودھری

مجوزہ رولز کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کا چیئرمین بھی 6 ماہ کے لئے مقرر ہوگا۔ نئے قوانین کی منظوری آئندہ اجلاس میں دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، پی پی پی کے رکن اسمبلی راجہ پرویز اشرف، پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیٹر جاوید عباسی اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی نے بھی شریک کی۔


متعلقہ خبریں