نوازشریف اتنے بیمار نہیں جتنا شور مچایا گیا ہے، صداقت عباسی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف بیمار ہیں لیکن اتنا نہیں جتنا شور مچایا جا رہا تھا۔

ہم نیوز کے پروگرام “صبح سے آگے” میں میزبان شفا یوسفزئی اور اویس منگل والا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں لیکن ان کی جہاز کےاندر سے بنائی گئی تصویر میں ان کے سامنے انگور بھی پڑے ہیں، ذیابیطس کا مریض انگور کیسے کھا سکتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بہت بیمار تھے اور ان کی جان کو خطرہ تھا اس لیے حکومت سمیت سبھی پریشان تھے، اس وقت یہ بات سب کو ہی سچ لگی لیکن جس دن انہیں خود جہاز پر چل کر جاتے دیکھا تو پوری قوم ہکا بکا رہ گئی۔

اسی حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پوری قوم کو دھچکہ لگا کہ ایک نہایت بیمار آدمی کس طرح اپنے قدموں پر آرام سے کھڑا ہو سکتا ہے۔

وزیراعظم اور حکومتی وزرا کے بیانات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا نواز شریف نے بیرون ملک جانا تھا اور وہ چلے گئے، ہم اس پر صرف بات کر رہے ہیں یہ تو ہمارا حق ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کے خطاب کو لوگوں نے ٖغلط سمجھا، دراصل ان کا ردعمل نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر نہیں بلکہ اسلام آباد میں ہونے والے جے یو آئی (ف) کے دھرنے پر تھا۔

عدالتی نظام کے حوالے سے کیے جانے والے ایک سوال کے جواب میں صداقت علی عباسی کا کہنا تھا کہ ہماری عدلیہ بہت مضبوط ہو چکی ہے اور اس میں بہت قابل ججز موجود ہیں۔

مخالف جماعتوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کے بارے میں باتیں کی جا رہی ہیں جو کہ نہایت نچلے درجے کی حرکت ہے، اس سے مخالفوں کی ذہنیت کا اندازہ ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں