عمران خان بے نقاب پوچکے ہیں، قمر زمان کائرہ


 اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنی نااہلی کی وجہ سے بے نقاب ہوچکے ہیں۔

پمز اسپتال میں زیر علاج سابق صدر آصف علی زرداری کی عیادت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پیپلز پارٹی نے کہا کہ خان صاحب آپ بے نقاب ہوچکے ہیں، سوا سال کی کارکردگی سے آپ کی سمت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ آج عمران خان کی اپنی جماعت ان پر چیخ رہی ہے۔ اس صفائی کے عمل کا وہ خود شکار ہونگے۔ عوام کا ان پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔اب تو سلیکٹرز اور تحریک انصاف کے اندر سے تبدیلی اور صفائی کی آوازیں آ رہی ہیں۔

انہون نے کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ عمران خان کی حکومت کی مدت پوری نہیں ہوگی، لیکن المیہ یہ ہے کہ ان کی سمت ہی کوئی نہیں ہے۔ حکومت ایک ارب درخت لگانے کا دعوی کرتی ہے، لیکن اتنے درخت لگانے کے لیے کئی ہزار کلو میٹر رقبہ چاہیے۔

رہنماء پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ وہ لوگ تھےجنہوں نے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ دینے تھے، پتایا جائے ہیلتھ کارڈ کہاں ہیں۔ ڈیم بنانے کے ڈرامہ میں جو پیسے اکٹھے کیے گئے تھے وہ کہاں گئے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آصف زرداری کے مقدمات کے درخواست کل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے لگی ہوئی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جس صوبے کا مقدمہ ہے اسی صوبے میں اس کی سماعت ہونی چاہیے۔  اگر سارے کیسز کے ٹرائل یہاں ہونا ہیں تو بند کردیں باقی ساری عدالتیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’آصف زرداری کیخلاف 5 مقدمات میں پلی بارگین ہو چکی‘

انہوں نے کہا کہ کل عدالت کی سماعت کے بعد ہم اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔  ہمیں زرداری سے ملنے نہیں دیا جاتا۔ سزا یافتہ قیدیوں کو بھی ملنے کی اجازت ہوتی ہے،  لیکن زرداری کے بچوں کو بھی ہفتہ میں ایک دن ملاقات کی اجازت ہے۔  ہم حکومت کے اس رویے کی مذمت کرتے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی صحت ٹھیک نہیں ہے لیکن ان کے حوصلے جوان ہیں۔ زرداری نے کہا ہے کہ اس طر ح کے ریاستی ہتھکنڈوں کا پہلے بھی مقابلہ کیا ہے اور اب بھی کر رہا ہوں۔  ہم کسی ڈیل یا فارمولے کی طرف نہیں جائیں گے۔


متعلقہ خبریں