حکومت کو ججز پر اعتماد نہیں تو انہیں بدل لیں، سعید غنی


کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی نے کہا کہ حکومت کو چیف جسٹس اور ہائی کورٹ کے ججوں پر اعتماد نہیں ہے تو ججز کو بدل لیں مقدمے منتقل کرنے کا کیا جواز ہے۔

وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے کئی دنوں سے عجیب صورتحال میڈیا کے ذریعے پیدا کی جا رہی ہے اور پیپلز پارٹی پر کافی دنوں سے ڈیل کی بات ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں ڈیل کرنی ہوتی تو اتنی تکلیفیں برداشت کیوں کرتے، موجودہ حکومت نے پیپلز پارٹی رہنماؤں کو ٹرائل شروع ہونے سے پہلے ہی گرفتار کیا ہوا ہے جن میں سراج درانی، فریال تالپور اور خورشید شاہ شامل ہیں جبکہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان بھی اس بات کا جواب نہیں دیتے۔

سعید غنی نے کہا کہ جو مبینہ جرم اور کرپشن کراچی میں ہوا ہے وہ مقدمات صوبے سے باہر کیوں منتقل کیے گئے وہ تو سندھ کے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ مبینہ جرم ایک صوبے میں ہوا اور ٹرائل دوسرے صوبے میں کر کے سزا دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کے انوکھے پیمانے کیوں بنائے جا رہے ہیں۔ حکومت کو چیف جسٹس اور ہائی کورٹ کے ججوں پر اعتماد نہیں ہے تو ججز کو بدل لیں مقدمے منتقل کرنے کا کیا جواز ہے۔ آئین، قانون کا بنیادی تقاضہ اور پیپلز پارٹی کے لوگوں کے حقوق کا کیوں خیال نہیں کیا جاتا ؟

یہ بھی پڑھیں عوام نے حزب اختلاف کو یکسر مسترد کر دیا، وزیر اعظم

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری قیادت کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے کے باوجود کیوں ان کو جیل میں رکھا گیا ہے ؟ 6 ماہ ہونے والے ہیں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو جیل میں رکھا ہوا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ ہم نے آصف علی زرداری کو ذاتی معالج دینے کا مطالبہ کر رکھا ہے مگر انہیں معالج نہیں دیے جا رہے، ہم تو اپنا حق مانگ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں