’عمران خان پارٹی کو ملنے والی غیر ملکی فنڈنگ کی پرچیاں قوم کے سامنے لائیں‘


اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ترجمان زاہد خان نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پارٹی کو ملنے والی غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات قوم کے سامنے لائیں۔

اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں ترجمان اے این پی نے کہا کہ عمران خان اپنی پارٹی کو تسلی دے رہے ہیں کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس سے کچھ نہیں نکلے گا۔ اگر عمران خان کو غیر ملکی فنڈنگ کیس سے کوئی مسئلہ نہیں تو اسے پانچ سال سے کیوں لٹکایا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے چوری نہیں کی ہے تو چھپا کیوں رہے ہیں۔ عمران خان پرچیاں چھپائیں نہیں قوم کے سامنے لائیں، تاکہ لوگوں کو پتہ چلے کہ کس کس نے غیر ملکی فنڈنگ  کہاں کہاں سے حاصل کی اور کیوں  کی۔

زاہد خان نے سوال کیا کہ عمران خان کی پارٹی سکروٹنی کمیٹی کی مخالفت کیوں کر رہی ہے۔ عمران خان غیر ملکی فنڈنگ کیس کا اوپن ٹرائل کرائیں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے۔

ترجمان اے این پی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جماعت غیر ملکی فنڈنگ کیس کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ عمران خان کے وزیر خوش ہو رہے ہیں کہ جسٹس سردار رضا سے انکی جان چھٹ جائے گی، لیکن وہ جان لیں کہ فارن فنڈنگ کیس سے انکی جان نہیں چھٹے گی۔

زاہد خان نے کہا کہ جب تک غیر ملکی فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آتا، پی ٹی آئی کے گلے میں پھندا رہے گا۔ قوم پی ٹی آئی ہر کیسے اعتبار کرے کہ یہ لوگوں کی چوری پکڑ رہے ہیں، کیونکہ یہ تو خود اپنی چوری چھپا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کیخلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس میں جلد فیصلے کی درخواست دائر

ان کا کہنا تھا کہ بنی گالہ میں عمران خان غیر قانونی رہائش گاہ میں رہتے ہیں۔ ہمارے ملک میں انصاف نہیں، ادارے آزاد نہیں، اگر ادارے آزاد ہوتے تو عمران خان اور انکی جماعت کے لوگ انصاف کے کٹھہرے میں کھڑے ہوتے۔

زاہد خان نے کہا کہ جیسے اپوزیشن کا احتساب ہو رہا ہے ایسے ہی پی ٹی آئی کا احتساب ہونا چاہیے۔ چئیرمین نیب تو ویڈیو لیک کے بعد حکومت کے سامنے لیٹ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زراری اور پیپلز پارٹی کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔ آصف زرداری کا کیس سندھ کا ہے اور اسے اسلام آباد میں چلایا جا رہا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا پاکستان صرف اسلام آباد اور پنجاب ہے، باقی صوبے غلام ہیں؟ جب تک کیسز باقی صوبوں کی عدالتوں میں نہیں چلجں گے وفاق کیسے چلے گا؟ یہ تو ملک کو نقصان پہنچائے گا۔


متعلقہ خبریں