اپوزیشن کا ملک میں دوبارہ انتخابات کا مطالبہ

تمام صوبوں اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مظاہرے کیے جائیں گے، مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے دوبارہ انتخابات کو ملکی مسائل کا واحد حل قرار دیا۔

حزب اختلاف کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کسی ریاستی ادارے کو حق نہیں کہ آئینی حدود سے تجاوز کرے، سب کو آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنا ہوگا۔

کانفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی نے مطالبہ کیا کہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کاجلد فیصلہ کیا جائے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا انتشار والا رویہ مسائل کو تقویت دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی کا قیام غیرقانونی اور پارلیمانی کمیٹی سے متصادم ہے، اجلاس میں اہم منصوبےکو متنازع بنانےکی مذمت کی گئی۔

جے یو آئی-ف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مظاہرے کیے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو ’سلیکٹڈ‘ وزیراعظم قبول نہیں، لوگ ایسے ہی اسلام آباد آکر واپس نہیں گئے۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری کی طبیعت بدستورناسازہے، مطالبہ کیا ہےکہ ان کو ذاتی ڈاکٹر تک رسائی دی جائے۔

مزید جانیں: بلاول نے مولانا فضل الرحمان کی اے پی سی کی دعوت قبول کرلی

انہوں نے کہا کہ سندھ کا کیس راولپنڈی میں چلے، یہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کرتی ہے اور ہم اس حوالے سے مکمل تیار ہیں۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے 15 ماہ میں ادارے غیرفعال ہوگئے، ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں روزبروز اضافہ ہورہاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کو رخصت کرکے الیکٹڈ حکومت لائیں گے۔

اس سے قبل اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی ہوئی تاہم اس میں مریم نواز نے شرکت نہیں کی۔


متعلقہ خبریں