پنجاب: میجر (ر) اعظم سلیمان نئے چیف سیکرٹری تعینات

عثمان بزدار کے رشتہ دار اعجاز بزدار کو بھی عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان

میجر (ر) اعظم سلیمان—فائل فوٹو۔


لاہور: پنجاب میں انتظامی معاملات کو سنھبالنے کے لیے چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر کی جگہ میجر (ریٹائرڈ) اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری تعینات کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری کی تبدیلی کے بعد انتظامی نشستوں پر بھی مزید تبدیلیوں کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے رشتہ دار اعجاز احمد بزدار کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی نشست سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ چیف سیکرٹری کی تبدیلی کے بعد گریڈ 19 سے 21 تک مزید تبدیلیوں کا بھی امکان ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ اعظم سلمان کا نام بطور چیف سیکرٹری پنجاب فیورٹ ہے اور ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن وفاق سے جاری ہوگا لیکن تاحال جاری نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ ستمبر کے آخر میں وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو مکمل اختیار دے دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو کہا کہ وہ جسے مناسب سمجھیں اپنی ٹیم میں رکھیں۔

اس سے قبل ستمبر میں ہی پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری انڈسٹریز طاہر خورشید کو تبدیل کرکے سیکرٹری مواصلات تعینات کردیا گیا۔

سیکرٹری مواصلات شہریار سلطان کا تبادلہ کرکے انہیں او ایس ڈی بنادیا گیا ہے جبکہ ظفر اقبال کو سیکرٹری انڈسٹریز تعینات کیا گیا۔

سیکرٹری تعلیم کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود کو سیکرٹری جنگلات کا اضافی چارج بھی دیدیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں