’’زندگی میں سب سے زیادہ متاثر اپنی غلطیوں نے کیا’’


اسلام آباد: فیشن ڈیزائنر یوسف بشیر قریشی نے کہا ہے کہ مجھے زندگی میں سب سے زیادہ متاثر میری اپنی غلطیوں نے کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنی غلطیاں خود سے چھپانی نہیں چاہیئں۔ جو انسان اپنے آپ سے سچ بولتا ہو وہ باقی دنیا سے بھی بولنے لگ جاتا ہے۔

اپنے مخصوص حلیے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ پگڑی اس لیے باندھتا ہوں کہ ٹھنڈ نہ لگے جبکہ ایسے کپڑے نظر سے بچنے کے لیے پہنتا ہوں، تاہم اگر کبھی نظر لگ جائے تو اتر بھی جاتی ہے کیونکہ اللہ نے اس کا توڑ بھی بتایا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ زبان ایک انسان کو دوسرے انسان سے جوڑتی ہے، یہی وجہ ہے کہ انہیں دیگر زبانوں پر عبور حاصل ہے۔ جتنی زبانیں سیکھی جائیں اتنا اچھا ہے۔

انسان اور اس کا ڈر

یوسف بشیر نے بتایا کہ ہم اپنے پاس موجود نعمتوں کا ٹھیک سے لطف نہیں اٹھا پاتے کیونکہ ہمارے دل میں ایک ڈر موجود ہوتا ہے مثلا نئی گاڑی لیتے ہیں تو یہ ڈر کہ کہیں خراش نہ پڑ جائے، یہ غلط عادت ہے۔ زندگی میں ملی نعمتوں کا بھرپور مزہ اٹھانا چاہیئے اور ایسا تبھی ممکن ہے جب انسان ڈرنا چھوڑ دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنے آس پاس موجود چیزوں پر غور کرنا چاہیئے، جس چیز پر غور کیا جائے اسے انسان اچھے سے سمجھ لیتا ہے اور اپنا ہنر بنا لیتا ہے۔

اسی حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے اردگرد ایسے بہت سے لوگ موجود ہوتے ہیں جو ہمیں متاثر کرتے ہیں اور ہماری زندگی پر اچھا اثر ڈالتے ہیں۔

خوبصورت رشتے

اپنی زندگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میرے دادا میرے سب سے زیادہ قریبی دوست تھے، مجھے لگتا تھا وہ اس دنیا سے کبھی نہیں جائیں گے۔ ان کی وفات کے بعد کوئی ایسا لمحہ نہیں تھا کہ ان کی یاد نہ آئی ہو۔

فیشن ڈیزائنر نے کہا کہ زندگی میں ماں باپ، بہن بھائی اور دوستوں کی صورت میں جو خوبصورت رشتے انسان کو ملتے ہیں انہیں کبھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے رشتوں سے محبت کریں کیونکہ کب کون آپ کی زندگی سے چلا جائے، آپ نہیں جانتے۔

اس بات کو انہوں نے یہ شعر سنا کر مزید واضح کیا کہ

ہم سب ایک دوسرے کی وجہ ہیں
اگر نہ ہوتے تو ہوتے ہی نہ


متعلقہ خبریں