لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین تعینات

لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین تعینات

فوٹو: فائل


اسلام آباد: لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو سی پیک اتھارٹی کا چیئرمین تعینات کر دیا گیا۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے عاصم سلیم باجوہ کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ عاصم سلیم باجوہ ایم پی ون اسکیل میں وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے زیر سایہ 4 سال کے لیے تعینات رہیں گے۔

واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ سابق ترجمان پاک فوج اور کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔

8 اکتوبر 2019 کو صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سی پیک اتھارٹی آرڈیننس پر دستخط کیے تھے۔ اتھارٹی کا اطلاق پورے پاکستان میں ہو گا جو 10 ارکان پر مشتمل ہو گی۔ وزیراعظم پاکستان کو اتھارٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور ارکان کی تعیناتی کا اختیار حاصل ہے۔

سی پیک سے متعلق اب تمام سرگرمیاں اسی اتھارٹی کے زیر انتظام سرانجام دی جائیں گی، اتھارٹی یا اس کے عہدیداران کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جا سکے گی۔

اتھارٹی سی پیک سے متعلق معاملات پر کوآرڈی نیشن، مانیٹرنگ اور جانچ کی ذمہ دار ہو گی جبکہ فیصلے اکثریت کی بنیاد پر ہوں گے، اتھارٹی کا اجلاس سہ ماہی بنیادوں پر ہو گا اور سی پیک منصوبوں سے مستفید ہونے والا کوئی بھی شخص اتھارٹی کا حصہ نہیں ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں وزیر خارجہ نے سی پیک سے متعلق امریکہ کی رائے مسترد کر دی

آڈیٹر جنرل آف پاکستان اتھارٹی کے اکاؤنٹس کا آڈٹ کرنے کا مجاز ہو گا۔ آرڈیننس کے مسودے کے مطابق سی پیک فنڈ قائم کیا جائے گا، اتھارٹی کی طرف سے حاصل کی گئی تمام گرانٹس، سرمایہ کاری قرضہ جات اور وفاقی حکومت کے مختص فنڈز اس سی پیک فنڈ کا حصہ ہوں گے۔


متعلقہ خبریں