وزیراعظم کا برآمد کنندگان کے بقایاجات فوری ادا کرنے کا حکم


اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنی معاشی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ برآمد کنندگان (ایکسپورٹرز) کے بقایاجات کی ادائیگی میں کاروباری برادری کو کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

حکومتی معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے وزیراعظم خان نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لئے ملکی برآمدات میں اضافہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ایکسپورٹرز کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا اور مسائل دور کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ بعض کاروباری حلقوں نے بقایا جات کے نئے نظام کی مشکلات کی شکایات کی ہیں، ان شکایات کا فوری طور پر ازالہ کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔

عمران خان نے کہا کہ کاروباری طبقے کو نئے نظام سے متعارف کرانے کے لئے بھی ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں میں کاروباری برادری کے ریفنڈز پر  بھی غور کیا گیا۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی  نے اجلاس کو ایکسپورٹرز کے ریفنڈز کی ادائیگی کے لئے کیے جانے والے اقدمات پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں کم آمدنی والے افراد کے لئے ملک بھر میں 50 لاکھ  گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں پیش رفت پر بھی غور کیا گیا۔ چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹینٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے اجلاس کو منصوبے میں پیش رفت  کے بارے میں آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عثمان بزدار کا کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی فراہمی بارے 2ہفتوں میں پالیسی بنانیکا حکم

چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی نے کہا کہ  ہاؤسنگ  منصوبے میں خاطر خواہ پیش رفت کی جا چکی ہے۔ بہت جلد 15  ہزار  یونٹس  پر مشتمل پہلے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔

لیفٹینٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے اجلاس کو بتایا کہ دسمبر کے آخر تک ملک کے کم از کم  تین  صوبوں میں گھروں کی تعمیر کا آغاز کر دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر مراد سعید، حماد اظہر، مخدوم خسرو بختیار،  میاں محمد سومرو، اسد عمر،  عمر ایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، ایڈوائزر ڈاکٹر عشرت حسین اور معاون خصوصی ندیم بابر  نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔


متعلقہ خبریں