آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع آئین کے مطابق ہوئی، اسد عمر


اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی ابہام نہیں ہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع آئین کے مطابق ہوئی ہے۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان کے ایک کامیاب آرمی چیف ہیں ان کی ملک کیلیے بہت خدمات ہیں لیکن اہم پہلو یہ ہے کہ آئین کے اندر کس کو اختیار حاصل ہے کہ وہ ان کی مدت ملازمت میں توسیع کر سکے ۔

انہوں نے کہا کہ خطے اور کشمیر میں غیر معمولی صورتحال کے تناظرمیں آرمی چیف کی توسیع سے متعلق فیصلے کی اشد ضرورت تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کئی مرتبہ کہہ چکا ہے کہ وہ آزاد کشمیر پر حملہ کرے گا، مقبوضہ کشمیر میں جس دن لوگ کرفیو سے باہر نکلیں گے خون خرابے کا ڈر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی صورت میں بھی پاکستان کے حالات  کو عام حالات نہیں کہا جا سکتا ہے اگر ہم حالت جنگ میں نہیں تو جنگ کے دہانے پر ضرور موجود ہیں۔

 

 


متعلقہ خبریں