پیپلزپارٹی رہنما ایاز سومرو امریکا میں انتقال کرگئے


کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو نیویارک کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے ہیں۔

ایاز سومرو کے خاندانی ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

ایاز سومرو گزشتہ کئی ماہ سے دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کی وجہ سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

طبیعت زیادہ خراب ہونے پر پیپلزپارٹی رہنما کو نیویارک کے مین ہیٹن اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

ایاز سومرو کے چھوٹے بھائی عرفان سومرو اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن میں سینئر سفارت کار ہیں جو انہیں علاج کی غرض سے نیویارک لے گئے تھے۔

ایاز سومرو کی نماز جنازہ نیویارک میں ادا کرنے کے بعد ان کی میت لاڑکانہ منتقل کی جارہی ہے۔ جہاں انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

مرحوم این اے  204 لاڑکانہ سے رکن قومی اسمبلی تھے جب کہ وہ سندھ کے سابق وزیر برائے قانون و پارلیمانی امور بھی رہ چکے ہیں۔

ایاز سومرو 31 دسمبر 1958 کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 59 برس تھی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے ایاز سومرو کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور اسے پیپلزپارٹی کے لیے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔


متعلقہ خبریں