ممتاز گلوکار شوکت علی اسپتال سے گھر منتقل

ممتاز گلوکار شوکت علی اسپتال سے گھر منتقل

لاہور: عالمی شہرت یافتہ گلوکار شوکت علی صحتیاب ہو کر اسپتال سے گھر منتقل ہوگئے ہیں۔ حکومت پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ممتازفنکار کے علاج پرآنے والے تمام اخراجات حکومت نے برداشت کیے ہیں۔

گلوکار شوکت علی خان علیل ہوگئے، اسپتال منتقل

ہم نیوز کے مطابق پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں بتایا ہے کہ شوکت علیل ہونے کے بعد حکومتی اسپتال میں زیر علاج تھے اور ان پر آنے والے تمام اخراجات صوبائی حکومت نے برداشت کیے ہیں۔

پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایوان کو بتایا کہ معروف لوک فنکار اب طبیعت میں بہتری آنے کے بعد اسپتال سے اپنے گھر منتقل ہوگئے ہیں۔ انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ اس ضمن میں حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔

ہم نیوز کے مطابق صوبائی وزیرصحت نے ایوان کو یہ بات پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی عظمیٰ بخاری کی جانب سے اس الزام کے جواب میں بتائی کہ ملک کے معروف گلوکار شوکت علی بیمار ہیں لیکن کسی بھی حکومتی شخصیت نے ان کی عیادت نہیں کی ہے۔

پی ایم ایل (ن) کی رکن اسمبلی کا مؤقف تھا کہ شوکت علی پاکستان کا سرمایہ ہیں اور اس وقت انہیں مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔

ہم نیوز کے مطابق عظمیٰ بخاری نے ایوان میں حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ چندے پر چلنے والی حکومت سے توقع بھی کیا کی جاسکتی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے خود تو کچھ بھی نہیں کرنا ہے۔

پاکستان کی خدمت کرنے پہ خوش ہوں، گلوکار شوکت علی

سوشل میڈیا پر بھی تسلسل کے ساتھ حکومت پر یہ الزام عائد کیا جارہا ہے کہ ملک کے ممتاز گلوکار کی عیادت کے لیے کسی بھی حکومتی شخصیت نے اسپتال میں ان سے ملاقات نہیں کی اورنہ ہی ان کی خبر گیری کی ہے۔


متعلقہ خبریں